اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کے لیے جولائی کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
منصوبے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں 13 “سہولت آن دی گو” بازار بھی قائم کیے جائیں گے، جبکہ نئے سہولت بازاروں سے 1300 نئے کاروبار شروع ہوں گے اور 600 سے زائد افراد کو براہِ راست روزگار کے مواقع ملیں گے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ان بازاروں سے سالانہ تقریباً 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔ ان بازاروں میں سبزیاں، پھل اور دیگر اشیاء اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد تک اور سرکاری نرخ سے تقریباً 18 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔
منصوبے کے تحت اندازہ لگایا گیا ہے کہ ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد گھرانوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 30 کروڑ روپے تک کی بچت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ دکانداروں کی آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے، جہاں سیل میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد تک بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق سہولت بازاروں میں دکانداروں کو بجلی، صفائی اور سکیورٹی جیسی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی، جس سے سالانہ تقریباً 35 کروڑ روپے کی بچت بھی ممکن ہوگی۔
ہر بازار میں جدید نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید یہ کہ 5 کلومیٹر کے دائرے میں 40 منٹ کے اندر مفت ہوم ڈلیوری سروس بھی فراہم کی جائے گی، جس سے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت ہوگی۔
یہ سہولت بازار بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم سمیت مختلف اضلاع میں قائم کیے جائیں گے۔ اسی طرح خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ہے، اور یہ منصوبہ عام شہریوں کو واضح معاشی ریلیف دے گا۔ ان کے مطابق بازاروں میں صاف ستھرا ماحول، بیٹھنے کی جگہ، پارکنگ، بزرگ شہریوں کے لیے الگ کاؤنٹر، پینے کا صاف پانی، مسجد اور خاندانی ماحول جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔