اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ہنٹا وائرس کے اینڈیز اسٹرین کا پہلا مثبت کیس سامنے آ گیا ہے، جسے ماہرین نے ایک نایاب مگر قابلِ نگرانی واقعہ قرار دیا ہے۔ یہ کیس ایک کروز شپ ایم وی ہونڈیئس سے منسلک وبا کے بعد رپورٹ ہوا ہے۔
صوبائی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بونی ہنری کے مطابق متاثرہ شخص میں ہلکی علامات جیسے بخار اور سر درد ظاہر ہوا، جس کے بعد لیبارٹری ٹیسٹ میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ان کے مطابق مریض کی حالت مستحکم ہے اور وہ طبی نگرانی میں ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مریض کو وکٹوریہ جنرل ہسپتال میں رکھا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ سفر کرنے والے دیگر افراد بھی احتیاطاً معائنہ اور ٹیسٹ کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ ایک اور مسافر میں علامات ظاہر ہوئی ہیں تاہم اس کا ٹیسٹ اب تک منفی آیا ہے۔
ڈاکٹر بونی ہنری نے کہا کہ تمام متاثرہ افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور عوام کے لیے کسی قسم کا خطرہ موجود نہیں، کیونکہ ان کا بیرونی افراد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کینیڈا میں ہنٹا وائرس کے اس مخصوص اینڈیز اسٹرین کی تصدیق ہوئی ہے، جو اپنی زیادہ خطرناک نوعیت اور انسان سے انسان میں منتقلی کی صلاحیت کے باعث عالمی سطح پر تشویش کا باعث سمجھا جاتا ہے۔
تاہم ماہرین وبائی امراض نے واضح کیا ہے کہ یہ وائرس کووِڈ جیسا نہیں اور اس کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان نہایت کم ہے۔ ان کے مطابق یہ وائرس زیادہ تر چوہوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور انسانی منتقلی صرف انتہائی قریبی اور مخصوص حالات میں ہی ممکن ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر ہنٹا وائرس شمالی امریکہ میں پائے جانے والے ہرن نما چوہوں میں موجود ہوتا ہے، جبکہ اینڈیز اسٹرین جنوبی امریکہ کے مخصوص چوہوں سے منسلک ہے۔ اسی وجہ سے اس کے مقامی جنگلی حیات میں پھیلنے کے امکانات نہایت محدود سمجھے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اب تک دنیا بھر میں اس کروز شپ سے منسلک تقریباً ایک درجن کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں تین اموات بھی شامل ہیں، تاہم برٹش کولمبیا میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور صحت عامہ کے نظام کو فعال رکھا گیا ہے۔