اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کی معروف کافی کمپنی ٹم ہارٹنز نے رواں سال ملک بھر میں 80 نئے ریستوران قائم کرنے اور 400 پرانی شاخوں کی جدید انداز میں تزئین و آرائش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس منصوبے کے تحت اربوں روپے مالیت کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمپنی نے بتایا کہ فرنچائز مالکان تقریباً 270 ملین ڈالر جبکہ کمپنی خود 130 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی کے صدر ایکسل شوان کا کہنا ہے کہ ٹم ہارٹنز ایک کینیڈین کمپنی ہے اور مقامی خاندان اپنی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس پر کمپنی کو فخر ہے۔
تزئین و آرائش کے بعد ریستورانوں میں نئی روشنیوں کا نظام، بہتر اندرونی ڈیزائن اور جدید کچن آلات نصب کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل آرڈرنگ اور موبائل پک اپ کی سہولیات کو بھی مزید آسان اور تیز بنایا جائے گا تاکہ صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق سب سے زیادہ توسیع صوبہ اونٹاریو میں کی جائے گی جہاں 26 نئے ریستوران قائم ہوں گے جبکہ 188 موجودہ مقامات کو جدید بنایا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی کافی کمپنی ڈنکن بھی دوبارہ کینیڈا کی مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کر رہی ہے، جس کے باعث کافی کے کاروبار میں مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے