اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق عاصم منیر، نوید اشرف اور ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ پیغام میں پوری قوم کو یومِ تکبیر کی مبارکباد پیش کی۔
بیان میں کہا گیا کہ ۲۸ مئی ۱۹۹۸ء پاکستان کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے جب ملک نے ایٹمی قوت بن کر جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بحال کیا اور یہ واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
عسکری قیادت نے کہا کہ یہ دن قومی اتحاد، استقامت اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ تاریخی کامیابی ملک کی قیادت، سائنسدانوں، انجینئرز، افواجِ پاکستان اور پوری قوم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک قومی امانت ہے جو خطے میں امن، استحکام اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔
مسلح افواج نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کے خطرات کے خلاف ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔
یومِ تکبیر کے موقع پر قوم نے بھی اتحاد، بیداری اور ترقی یافتہ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ باد۔