اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیے جانے والے بڑے کنسرٹ کو اچانک منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کنسرٹ میں شرکت کرنے والے گلوکار بہت زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں جبکہ ان کی موسیقی عوام کے مسائل کے حل میں کوئی کردار ادا نہیں کرتی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے موسیقی کی صنعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فنکاروں پر بھاری اخراجات کرنے کے بجائے عوام سے براہِ راست رابطہ زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب کنسرٹ کے بجائے "میک امریکا گریٹ اگین” کے عنوان سے ایک بڑی سیاسی ریلی نکالی جائے گی۔یاد رہے کہ ٹرمپ سے وابستہ غیر منافع بخش تنظیم "فریڈم 250” نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر 16 روزہ تقریبات کا اعلان کیا تھا۔
ان تقریبات کے دوران واشنگٹن کے نیشنل مال میں ایک بڑے موسیقی پروگرام کا انعقاد بھی منصوبے کا حصہ تھا۔تاہم امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران متعدد معروف گلوکاروں اور موسیقاروں نے اس تقریب میں پرفارم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد کنسرٹ کے انعقاد پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔
تازہ اعلان کے مطابق اب 24 جون کو ایک بڑے عوامی اجتماع کا انعقاد کیا جائے گا جس سے صدر ٹرمپ خطاب کریں گے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کنسرٹ کی منسوخی اور اس کی جگہ سیاسی ریلی کا انعقاد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ٹرمپ اپنی عوامی اور سیاسی مہم کو مزید نمایاں کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔اس فیصلے نے امریکی سیاسی اور تفریحی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ ناقدین اور حامی دونوں اس اقدام کو اپنے اپنے زاویے سے دیکھ رہے ہیں۔