امریکا اور ایران کشیدگی میں شدید اضافہ، میزائل اور ڈرون حملوں کے الزامات کے بعد صورتحال پھر بگڑ گئی

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر انتہائی خطرناک سطح تک پہنچ گئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر میزائل اور ڈرون حملوں کے الزامات عائد کیے ہیں اور خطے میں فوجی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق امریکی افواج کی جانب سے ایرانی جزیرہ قشم پر کارروائی کے دعوے کے بعد ایران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا اور جوابی کارروائیوں کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے مطابق امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق جزیرہ قشم میں ایک مواصلاتی ٹاور پر امریکی کارروائی کے جواب میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر، فضائی اڈے اور ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح آبنائے ہرمز کے قریب ایک آئل ٹینکر پر حملے کے جواب میں ایک بحری جہاز کو میزائلوں سے ہدف بنایا گیا۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان کے مطابق آبنائے ہرمز کی سلامتی کو متاثر کرنے کی صورت میں امریکا کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ ایرانی عسکری قیادت نے مزید کہا ہے کہ ایران کسی بھی ممکنہ صورتحال کے لیے پہلے سے زیادہ تیار ہے اور اگر جنگ بڑھی تو مختلف نوعیت کی فوجی کارروائیاں کی جائیں گی۔

دوسری جانب ایرانی فوجی کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ابھی اپنی مکمل عسکری صلاحیت ظاہر نہیں کی اور اگر تنازع بڑھا تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ ایرانی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وسیع پیمانے پر جنگ کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی فوج کے مطابق ایران نے بیلسٹک میزائل قریبی ممالک کی طرف داغے، تاہم وہ اپنے اہداف پر نہیں پہنچ سکے۔

امریکی دعوے کے مطابق بعض میزائل کویت اور بحرین کی جانب بھیجے گئے تھے جنہیں راستے میں روک لیا گیا یا ناکارہ بنا دیا گیا۔ اسی طرح بحری جہازوں پر ہونے والے ڈرون حملوں کو بھی ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ ایرانی جزیرہ قشم پر کارروائی ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کی گئی۔ صورتحال کے تناظر میں خطے میں موجود امریکی اور اتحادی افواج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کی جانب سے سخت بیانات اور جوابی کارروائیوں کے دعووں کے بعد خطے میں کشیدگی انتہائی بڑھ گئی ہے، جس سے عالمی سطح پر امن و استحکام کے حوالے سے شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں