اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے سرکاری دورے پر پیر کے روز اسلام آباد پہنچییں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان حالیہ دوطرفہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں
چینی وزیر خارجہ 10 سال بعد کینیڈا کا دورہ کر رہے ہیں،ترجمان کینیڈین وزارت خارجہ
فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ مشترکہ اعلامیے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سالانہ اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فعال سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے اور کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دیں گے اور باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک میزبانی پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مل کر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک اور عوام کو اس کا فائدہ پہنچ سکے۔
مزید پڑھیں
ہم اپنی زمینی حدود میں کسی قسم کی کریمنل سرگرمی برداشت نہیں کریں گے،کینیڈین وزیر خارجہ
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کینیڈا میں تقریباً تین لاکھ پاکستانی نژاد شہری آباد ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کا اہم ذریعہ ہیں۔ انیتا آنند نے کہا کہ زراعت، صنعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ پاکستان اور کینیڈا عالمی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔