اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) طانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں 2007 سے 2011 کے دوران ایک 14 سے 18 سالہ لڑکی کے ساتھ مسلسل جنسی استحصال اور زیادتی کے جرائم میں ملوث 15 افراد کو مجموعی طور پر 188 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے
۔ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کو متعدد افراد نے بار بار نشانہ بنایا۔ یہ کیس 2015 میں اس وقت سامنے آیا جب پولیس نے پرانے "گمشدہ افراد” اور بچوں کے استحصال سے متعلق ریکارڈز دوبارہ کھنگالے، جس سے معلوم ہوا کہ لڑکی طویل عرصے تک ایک منظم گروہ کے زیر اثر رہی۔تحقیقات کئی سال تک جاری رہیں اور پولیس نے پرانے ریکارڈز، موبائل فون ڈیٹا، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد اکٹھا کر کے مضبوط مقدمات تیار کیے۔ مقدمات مختلف ٹرائلز میں سنے گئے تاکہ تمام ملزمان کو منصفانہ سماعت کا حق حاصل ہو۔
عدالت نے سماعت کے دوران رپورٹنگ پر پابندیاں عائد کیں تاکہ میڈیا کوریج مقدمات پر اثرانداز نہ ہو۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی کا منظم انداز میں استحصال کیا اور اس کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھایا۔ سزاؤں میں سب سے زیادہ 17 سال قید اور سب سے کم 8 سال قید شامل ہے، جبکہ باقی ملزمان کو 10 سے 15 سال کے درمیان قید کی سزائیں سنائی گئیں۔متاثرہ خاتون نے عدالت کے فیصلے کے بعد کہا کہ یہ واقعات اس کی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کر چکے ہیں اور یہ زخم زندگی بھر اس کے ساتھ رہیں گے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی ناقابل قبول ہے اور انصاف کے قیام کے لیے مستقل کوششیں جاری رہیں گی۔