اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ گرمی کی لہر نے مختلف شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دادو اور جیکب آباد میں 48 ڈگری، تربت اور موہنجو داڑو میں 47 ڈگری، سکھر، نوابشاہ اور ڈیرہ غازی خان میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اسی طرح ملتان اور بہاولپور میں درجہ حرارت 45 ڈگری، لاہور میں 43 ڈگری، پشاور میں 42 ڈگری، اسلام آباد اور مظفرآباد میں 40 ڈگری جبکہ کراچی اور کوئٹہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ شدید گرمی کی لہر 12 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران سندھ کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید گرمی پڑ سکتی ہے۔
کراچی کے حوالے سے پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ شہر میں بھی آئندہ چند روز تک موسم شدید گرم رہے گا اور درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔