اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انیشی ایٹو “شی تھریڈز” کے لیے 310 ملین روپے کا بجٹ مختص کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام ٹیکسٹائل سیکٹر میں دیہی خواتین کو ہنر مند بنانے اور ان کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
پروگرام کے تحت پنجاب کے دیہات سے تعلق رکھنے والی 18 سے 45 سال عمر کی وہ خواتین حصہ لے سکیں گی جن کی تعلیم کم از کم مڈل تک ہو۔ تربیت کے دوران خواتین کو ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ اور ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کے تحت ٹیکسٹائل انڈسٹری سے متعلق 10 مختلف تربیتی کورسز متعارف کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد خواتین کو جدید صنعتی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ ان کورسز میں انڈسٹریل اسٹیچنگ مشین آپریٹر، فیبرک کوالٹی انسپکٹر، فیبرک کٹنگ ایکسپرٹ، اپیریل پلاننگ اینڈ مرچنڈائزنگ، اپیریل سپروائزر، پیٹرن میکنگ اینڈ کٹنگ، پیٹرن ڈرافٹنگ اینڈ گریڈنگ، کوالٹی کنٹرول، گارمنٹ فنشنگ، پیکنگ اور گارمنٹ ویکسنگ شامل ہیں۔
یہ تربیتی پروگرام لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں پہلے ہی جاری ہیں، جہاں گزشتہ دو برسوں کے دوران ڈھائی ہزار خواتین یہ کورسز مکمل کر چکی ہیں۔ ان میں سے 773 خواتین کو تربیت مکمل ہونے کے فوراً بعد روزگار بھی حاصل ہوا۔
اس وقت “شی تھریڈز” پروگرام کے تحت 1150 خواتین مختلف کورسز میں تربیت حاصل کر رہی ہیں، جبکہ آئندہ سال مزید 1350 خواتین کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد ہر خاتون کو مالی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا ہے۔ ان کے مطابق ہنر مند خواتین نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے اور قومی معیشت کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں، اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں خواتین کے لیے روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔