18 ہزار 771 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش ،تنخواہوں،پنشن میں اضافہ

 اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )  وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے 17.5 ٹریلین روپے سے زائد حجم کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں جاری ہے۔ اجلاس کے آغاز پر پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے نعرے بازی کی جبکہ آزاد ارکان نے پلے کارڈز اٹھا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ
وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ کم از کم ماہانہ تنخواہ میں 10 فیصد اضافے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

دفاعی ترقی اور عالمی تعلقات
وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت دنیا بھر میں تسلیم کی جا رہی ہے اور کئی ممالک ہمارے تیار کردہ جنگی طیارے اپنی افواج میں شامل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کا ذکر بھی کیا گیا اور تعلقات کو اہم قرار دیا گیا۔

سپر ٹیکس ختم
حکومت نے چھ شعبوں کے لیے سپر ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سالانہ آمدنی 15 کروڑ سے 50 کروڑ روپے والے افراد پر 1 سے 7 فیصد سپر ٹیکس عائد تھا جو اب ختم ہو جائے گا۔

جائیداد پر ٹیکس کمی
حکومت نے آئندہ مالی سال میں جائیداد کی فروخت پر ٹیکس کی شرح 5.5 فیصد سے کم کر کے 2.75 فیصد کر دی ہے۔ اس اقدام سے تعمیراتی سرگرمیاں بڑھیں گی اور سیمنٹ، لوہا، شیشہ، ٹمبر، پینٹس، ٹائلز اور ہارڈویئر سمیت 40 صنعتیں چلیں گی۔

آن لائن خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس کمی
بیرون ملک سے آن لائن خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس 5 فیصد سے صفر اعشاریہ فیصد کر دیا گیا ہے۔ ایکسپورٹ پر عائد ایڈوانس انکم ٹیکس 2 فیصد سے کم کر کے 1.25 فیصد کیا گیا ہے۔

خواتین کے سینیٹری پیڈز پر ٹیکس ختم
حکومت نے خواتین کے لیے سینیٹری پیڈز اور متعلقہ اشیاء پر ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ خواتین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مانع حمل اشیاء پر ٹیکس ختم
آبادی کی رفتار کو کنٹرول کرنے کے لیے مانع حمل اشیاء پر عائد ٹیکس مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔

گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی
2,000 سے 3,000 سی سی کی ایس یو ویز اور 2 کروڑ روپے سے مہنگی لگژری الیکٹرک گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی جا رہی ہے جبکہ 3,000 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ڈیوٹی بڑھائی جا رہی ہے۔

بزنس کلاس سفر پر ٹیکس ختم
غیر ملکی بزنس کلاس سفر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

غیر ملکی اثاثوں پر کیپیٹل ویلیو ٹیکس ختم
غیر ملکی اثاثوں پر کیپیٹل ویلیو ٹیکس ختم کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستانی غیر ملکی مالی اثاثے ریکارڈ پر لائیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ کے لیے رقم مختص
بی آئی ایس پی کے لیے 2,680 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں 838 ارب روپے فلیگ شپ اقدامات کے لیے، 88 ارب روپے ایکسپورٹ ری فنانس سکیم اور 3,674 ارب روپے قومی ترقیاتی پروگرام کے لیے شامل ہیں۔

ترقیاتی پروگرام کے لیے رقم مختص
وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے 1,000 ارب، صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 2,224 ارب اور سرکاری اداروں میں سرمایہ کاری کے لیے 451 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے جیسے ٹرانسپورٹ، توانائی اور آبی وسائل پر 60 فیصد سے زیادہ رقم مرکوز ہے۔

توانائی اور پانی کے منصوبوں کے لیے رقم مختص
بجلی کے منصوبوں کے لیے 116.2 ارب، قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے 10.2 ارب اور شمسی و ہوا سے بجلی کے لیے 50.2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 8 ہائیڈل پاور منصوبوں کے لیے 13.1 ارب روپے اور پانی کے منصوبوں کے لیے 103.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

شہری ترقی اور صنعتی ترقی
شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے لیے 54.6 ارب روپے، صنعتی ترقی اور برآمدی مسابقت کے لیے 6.6 ارب روپے، صحت کے منصوبوں کے لیے 25.1 ارب روپے اور اعلیٰ تعلیم کے لیے 46 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک 3.6 ارب، دانش اسکولز 22 ارب اور یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام 7.9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

کھیلوں کے انفراسٹرکچر کے لیے رقم مختص
کھیلوں کے انفراسٹرکچر کے لیے 1.851 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں ارشد ندیم اور شہباز شریف ہائی پرفارمنس اسپورٹس اکیڈمی کے لیے 250 ملین، اسکردو میں کوچنگ سینٹر کے لیے 150 ملین اور مختلف شہروں میں ہاکی ٹرف کی تنصیب کے لیے 120 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ بائیو مکینیکل لیب کے لیے 70.488 ملین روپے مختص ہیں۔

ایس آئی ایف سی کے منصوبے اور اقتصادی زونز
ایس آئی ایف سی کے تحت 12 شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبے وسعت پا گئے ہیں۔ اسلام آباد میں 6,860 ایکڑ پر خصوصی اقتصادی زون قائم کیا گیا ہے۔ ریفائنری اور ویئر ہاؤسنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں