اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے امن کے لیے ایک تاریخی سفارتی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت کو خطے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، بلکہ امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔ ان کے مطابق تنازعات کے تسلسل سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔
صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران ایک متوازن اور اصولی مؤقف اپنایا اور تمام فریقین کو اس معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد معاہدہ مستقبل میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق اصل ہیرو وہ ہیں جنہوں نے جنگ کو روکا، نہ کہ وہ جو جنگ کا سبب بنے، اور اب خطے کے ممالک کو ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینی چاہیے۔
صدر زرداری نے قطر، سعودی عرب، ترکی، مصر، چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ ان ممالک نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے اور حتمی امن معاہدے کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیرپا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔