اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوں گے۔
سوئس وزارت خارجہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک کے ایک تفریحی مرکز میں ہونا تھے۔
اس سے قبل سوئس وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ اسلام آباد میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا۔
وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد کے لیے دونوں ممالک کے نمائندے برگن اسٹاک میں ملاقات کرنے والے تھے جبکہ ثالثی کے کردار میں پاکستان اور قطر کے نمائندوں کی بھی موجودگی متوقع تھی۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے دورے کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ادھر وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج رات ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔
جے ڈی وینس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے منصوبے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے، تاہم امریکی وفد دستیاب ہونے والے پہلے موقع پر روانگی کے لیے تیار ہے۔
وائٹ ہاؤس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات سے متعلق انتظامی اور عملی پیچیدگیاں کبھی آسان یا قابل پیش گوئی نہیں رہیں، اور موجودہ صورتحال میں نائب صدر آج رات روانہ نہیں ہو رہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے یا آئندہ اقدامات کے بارے میں جیسے ہی کوئی واضح پیش رفت ہوگی، اس سے آگاہ کر دیا جائے گا۔