اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے بعد ملک میں 20 جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر سے زائد کمی پر غور جاری ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن، پاکستان اسٹیٹ آئل اور تیل و گیس کے نگران ادارے کے ورکنگ پیپر کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم کو 7 مارچ کو ہونے والے قیمتوں کے اضافے کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد حکومت کی جانب سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 7 مارچ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر مطمئن نہیں تھے اور اب وہ قیمتوں میں نمایاں کمی کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں عرب لائٹ خام تیل کی قیمت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 16 ڈالر کمی کے بعد 80 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے، جس سے پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
ادھر تیل کی مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں میں ممکنہ کمی کے اعلان سے ہلچل مچ گئی ہے۔ بعض کمپنیوں نے ایک ہی مرتبہ 55 روپے فی لیٹر کمی کے بجائے مرحلہ وار کمی کی تجویز دی ہے اور اس حوالے سے حکومتی سطح پر رابطے بھی کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے عرب لائٹ خام تیل کو بنیادی معیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔