اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور بارش برسانے والا موسمی نظام موجود ہے، جس کے زیر اثر 20 جون تک کہیں بادل چھائے رہیں گے تو کہیں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے بھر میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق 20 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور ڈویژن، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پاکپتن، ننکانہ صاحب، چنیوٹ اور گرد و نواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے میدانوں یا درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔
انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں، جبکہ سیاح شمالی علاقوں کے سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہنگامی صورتحال میں شہری ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔