اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر 15.28 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ اشیائے خورونوش، ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 44.73 فیصد، ڈیزل میں 44.39 فیصد، بجلی کے نرخوں میں 59.40 فیصد، آٹے میں 58.72 فیصد اور مائع گیس کی قیمت میں 52.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اشیائے خورونوش میں بھی مہنگائی کی بلند شرح برقرار رہی، جبکہ پیاز، ٹماٹر، آلو، بکرے کے گوشت، گائے کے گوشت اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر بھی مہنگائی میں 0.46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 16.65 فیصد، آلو میں 6.82 فیصد، مرغی کے گوشت میں 5.60 فیصد، واشنگ صابن میں 1.16 فیصد، گڑ میں 0.65 فیصد، بکرے کے گوشت اور مائع گیس میں 0.51 فیصد، شرٹنگ میں 0.48 فیصد، لانگ کلاتھ میں 0.43 فیصد، انڈوں میں 0.35 فیصد، تازہ دودھ میں 0.29 فیصد اور دہی میں 0.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب چند اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی۔ پیاز کی قیمت میں 2.98 فیصد، لہسن میں 2.51 فیصد، کیلے میں 1.28 فیصد، پیٹرول میں 1.06 فیصد، ماش کی دال میں 1.04 فیصد، پسے ہوئے نمک میں 0.95 فیصد، مونگ کی دال میں 0.61 فیصد، آٹے میں 0.53 فیصد، ڈیزل میں 0.51 فیصد اور چنے کی دال میں 0.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سالانہ بنیاد پر سب سے زیادہ مہنگی ہونے والی شے پیاز رہی، جس کی قیمت میں 79.76 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے بعد ٹماٹر 68.59 فیصد، بجلی کے نرخ 59.40 فیصد، آٹا 58.72 فیصد، مائع گیس 52.66 فیصد، پیٹرول 44.73 فیصد، ڈیزل 44.39 فیصد، بکرے کا گوشت 16.30 فیصد، مرچ پاؤڈر 15.20 فیصد، گائے کا گوشت 12.86 فیصد، لہسن 10.74 فیصد اور ڈبل روٹی 8.67 فیصد مہنگی ہوئی۔
اس کے برعکس آلو کی قیمت میں سالانہ بنیاد پر 41.09 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح انڈے 26.98 فیصد، چنے کی دال 22.32 فیصد، چینی 17.51 فیصد، پسا ہوا نمک 14.09 فیصد، مسور کی دال 12.25 فیصد، مونگ کی دال 5.48 فیصد اور مرغی کا گوشت 4.24 فیصد سستا ہوا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ رات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے اثرات آئندہ ہفتوں میں مہنگائی کے اعداد و شمار اور اشیا کی قیمتوں میں ظاہر ہونے کی توقع ہے۔