اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں معمولی رقم کے تنازع پر ایک دوست نے مبینہ طور پر اپنے ہی دوست کی جان لے لی۔
واقعہ علاقے فتح پور بیری میں پیش آیا، جہاں صرف 500 روپے کے معاملے پر شروع ہونے والا جھگڑا سنگین واردات میں تبدیل ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دو دوستوں کے درمیان شراب نوشی کے دوران 500 روپے کی رقم پر بحث شروع ہوئی جو بعد ازاں جھگڑے میں بدل گئی۔
پولیس کے مطابق نشے کی حالت میں موجود ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنے دوست کا گلا دبا کر قتل کر دیا اور واقعے کے بعد لاش کے پاس ہی بیٹھا رہا۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ اروند کے نام سے ہوئی جبکہ گرفتار ملزم 25 سالہ منوج کمار بتایا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ منوج کمار نے مبینہ طور پر اروند کو ایک کام مکمل کرنے کے لیے 500 روپے دیے تھے، تاہم اروند نہ تو وہ کام مکمل کر سکا اور نہ ہی رقم واپس کی، جس پر دونوں کے درمیان اختلاف پیدا ہوا۔پولیس کے مطابق معمولی رقم کا یہ تنازع شدت اختیار کر گیا اور ملزم نے مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے دوست کو قتل کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔