اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)البرٹا کی اپوزیشن جماعت نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے رہنما نہید نینشی نے صوبائی وزیرِاعلیٰ ڈینیئل اسمتھ کے مجوزہ نئی آئل پائپ لائن منصوبے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس منصوبے پر ٹیکس دہندگان کے ممکنہ مالی بوجھ سے متعلق مکمل شفافیت اختیار کرے۔
نہید نینشی کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے میں عوامی سرمایہ کاری کو بنیادی رکاوٹ نہیں سمجھتے، تاہم ان کی خواہش ہے کہ اس میں نجی شعبے کی شمولیت زیادہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر منصوبے کی کاروباری بنیاد مضبوط اور قابلِ عمل ثابت ہوتی ہے تو برٹش کولمبیا کے ساحل تک بٹومن لے جانے والی اس پائپ لائن کی تعمیر کے لیے ٹیکس دہندگان کے سرمائے کے استعمال کی گنجائش موجود ہے۔
دوسری جانب وزیرِاعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ان کی یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی (یو سی پی) کی حکومت نے مجوزہ پائپ لائن کا حتمی روٹ اور تعمیراتی شراکت داروں کی تفصیلات وفاقی حکومت کو پیش کر دی ہیں۔
یہ منصوبہ گزشتہ سال وزیرِاعظم مارک کارنی کے ساتھ طے پانے والے توانائی معاہدے کے تحت سامنے آیا تھا۔
منصوبے کے مطابق پائپ لائن ایڈمنٹن کے شمال مشرق میں واقع برودرہائم سے شروع ہو کر برٹش کولمبیا کے جنوبی ساحل تک جائے گی، جہاں سے روزانہ 10 لاکھ سے زائد بیرل تیل ایشیائی منڈیوں کو برآمد کیا جائے گا۔
وزیرِاعلیٰ اسمتھ کے مطابق اس منصوبے میں ابتدائی طور پر نجی شعبے کا حصہ 10 فیصد رکھا گیا ہے، تاہم منصوبے پر پیش رفت اور مقامی انڈیجینس (مقامی) گروپوں کی شمولیت کے بعد اس تناسب میں تبدیلی آ سکتی ہے۔