پاکستان دہشتگردی کے خلاف عوام کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتاہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر

اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، سربراہ پاک فوج اور سربراہ دفاعی افواج کی زیرِ صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی، علاقائی صورتحال، قومی دفاع اور سیکیورٹی سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس کے آغاز میں وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استقامت کی بنیاد رہیں گی۔

شرکاء نے افغان طالبان کے زیرِ انتظام علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی مبینہ منصوبہ بندی، معاونت اور مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اسی صورت ممکن ہے جب افغان سرزمین کو بھارتی پراکسیوں کی سرگرمیوں سے پاک رکھا جائے۔

کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ افغان طالبان کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ ان کے زیرِ انتظام علاقوں کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیا جائے۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ اور قومی دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، جبکہ مسلح افواج آپریشن "غضب للحق” کے تحت افغان سرحدی علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر حکمرانی، عوامی خدمت اور فلاح و بہبود پر مبنی مضبوط انتظامی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نظام قائم کیا جائے جو دہشت گردی، جرائم اور ان کی سیاسی سرپرستی کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں عبرتناک شکست کے بعد دشمن جھوٹے بیانیے، ہائبرڈ جنگ اور بیرونی معاونت کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم ایسی ہر سازش کو پوری قوت سے ناکام بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے خطے میں کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی نوٹس لیا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی 24 اپریل 2025 کی ہدایات اس معاملے پر مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہیں، جبکہ افواجِ پاکستان حکومتی پالیسی اور عوامی امنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی۔

کانفرنس میں ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور خطے میں پائیدار امن کا انحصار کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دینے پر ہے۔

اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق کثیر الجہتی تبدیلی کے منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں