اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکا، کینیڈا اور یورپ میں سرگرم بھارتی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ کارروائی.
آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 24 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 37 ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔امریکی حکام کے مطابق آپریشن "HARD BALL” کے تحت ان تین منظم جرائم پیشہ گروہوں کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر بھتا خوری، منشیات کی اسمگلنگ، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، اسلحہ اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران حکام نے تقریباً ایک ہزار کلوگرام کوکین، ایک کلوگرام ہیروئن، بھاری مقدار میں نقد رقم، آتشیں اسلحہ اور دیگر غیر قانونی سامان بھی برآمد کیا، جسے ان جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں سے جوڑا جا رہا ہے۔ایف بی آئی کے لاس اینجلس فیلڈ آفس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیٹرک گرینڈی نے کہا کہ ان گروہوں نے کیلیفورنیا اور دیگر علاقوں میں مشرقی بھارتی کمیونٹی کے اندر تشدد، خوف اور عدم استحکام کی فضا پیدا کر رکھی تھی، جبکہ ان کے جرائم کا دائرہ امریکا سے باہر بھی پھیلا ہوا تھا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فردِ جرم عائد کیے گئے ملزمان میں دو ایسے افراد بھی شامل ہیں جو بھارت کی مختلف جیلوں میں قید ہونے کے باوجود اپنے عالمی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو مبینہ طور پر جیل کے اندر سے چلا رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ کارروائی کے باوجود 10 ملزمان تاحال مفرور ہیں، جن میں سے 7 امریکا، ایک یورپ اور 2 بھارت میں موجود ہونے کا شبہ ہے۔ ان کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔امریکی حکام کے مطابق گینگ کا مبینہ سرغنہ لارنس بشنوئی بھارت کی جیل سے سیٹلائٹ فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے ساتھیوں کو مجرمانہ سرگرمیوں کی ہدایات دیتا رہا۔
تفتیشی اداروں کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کی بین الاقوامی سرگرمیوں اور مالی روابط کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن "HARD BALL” منظم بین الاقوامی جرائم کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرحد پار سرگرم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو توڑنا اور ان کی مالی و لاجسٹک صلاحیت کو ختم کرنا ہے۔