اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)کینیڈا کی میڈیا کمپنی راجرز اسپورٹس اینڈ میڈیا نے منگل کے روز کیلگری، ہیلی فیکس، کچنر اور وینکوور میں اپنے 6 ریڈیو اسٹیشن بند کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 230 ملازمتیں ختم کر دی گئیں۔
بند کیے جانے والے نیوز ریڈیو اسٹیشنوں میں 660 نیوز ریڈیو کیلگری، 95.7 نیوز ریڈیو ہیلی فیکس، 570 نیوز ریڈیو کچنر اور 1130 نیوز ریڈیو وینکوور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وینکوور اور کیلگری کے کھیلوں سے متعلق ریڈیو اسٹیشن اسپورٹس نیٹ 650 اور اسپورٹس نیٹ 960 بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق صرف ریڈیو اسٹیشنوں کی بندش سے 80 ملازمین متاثر ہوئے، جبکہ راجرز اسپورٹس اینڈ میڈیا میں مجموعی طور پر 230 آسامیوں کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا کا شعبہ اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی میں مسلسل کمی اور سامعین کی بدلتی عادات جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ فیصلے طویل المدتی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو مؤثر شعبوں پر مرکوز کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ریڈیو اسٹیشنوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سامعین کی تعداد اور آمدنی میں مسلسل کمی کے باعث چار مختلف مارکیٹوں میں چھ ریڈیو اسٹیشن بند کرنے کا مشکل مگر ضروری فیصلہ کیا گیا۔
کمپنی نے واضح کیا کہ ان بندشوں کے باوجود وہ ملک بھر کی تقریباً 30 کمیونٹیز میں اپنے 44 ریڈیو اسٹیشن بدستور چلا رہی ہے اور متاثرہ شہروں میں مقامی خبروں پر سرمایہ کاری بھی جاری رکھے گی۔
راجرز اسپورٹس اینڈ میڈیا کے مطابق بند کیے گئے چاروں نیوز ریڈیو اسٹیشنوں کی ویب سائٹس فعال رہیں گی اور خبروں کی فراہمی جاری رکھیں گی۔
اسی طرح سٹی نیوز 24 گھنٹے کی نیوز اسٹریمنگ سروس ٹورنٹو، کیلگری اور وینکوور میں بدستور دستیاب رہے گی، جبکہ ٹورنٹو، وینکوور، کیلگری، ونی پیگ، ایڈمنٹن اور مونٹریال میں ٹیلی وژن نیوز بلیٹن بھی معمول کے مطابق نشر ہوتے رہیں گے۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ 680 نیوز ریڈیو ٹورنٹو اور اسپورٹس نیٹ 590 دی فین کی نشریات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔