میانمار کے قریب 2 کشتیاں ڈوبنے کا سانحہ، 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ نے میانمار کے ساحل کے قریب دو مسافر کشتیوں کے ڈوبنے کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے

اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سانحے میں 500 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہوں گے۔ دونوں کشتیوں میں سوار زیادہ تر افراد روہنگیا مسلم برادری سے تعلق رکھتے تھے، جو محفوظ مستقبل کی تلاش میں خطرناک سمندری سفر پر روانہ ہوئے تھے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں میانمار کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے لاپتا ہونے اور ڈوبنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جن میں مجموعی طور پر 500 سے زائد افراد سوار تھے۔
بیان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں کشتیاں جون کے آخری ہفتے میں میانمار کی شورش زدہ ریاست راکھائن سے روانہ ہوئی تھیں۔ ان میں سوار بیشتر افراد روہنگیا مسلم برادری سے تعلق رکھتے تھے، جو کئی برسوں سے تشدد، امتیازی سلوک اور بے دخلی کا سامنا کرنے کے باعث ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔اقوام متحدہ نے بتایا کہ کچھ مسافر بنگلادیش کے ضلع کاکس بازار میں قائم مہاجر کیمپوں سے بھی اس سفر پر روانہ ہوئے تھے، جہاں راکھائن سے نقل مکانی کرنے والے 10 لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین انتہائی مشکل اور غیر یقینی حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔
بیان کے مطابق پہلی کشتی، جس میں تقریباً 250 افراد سوار تھے، روانگی کے کچھ ہی دیر بعد لاپتا ہوگئی، جبکہ دوسری کشتی، جس میں تقریباً 280 افراد موجود تھے، 8 جولائی کو میانمار کے ایئیرواڈی ساحل کے قریب ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔آئی او ایم اور یو این ایچ سی آر نے واضح کیا ہے کہ ان دونوں واقعات اور ممکنہ ہلاکتوں کی تعداد کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم دستیاب اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ یہ خطرناک سمندری سفر ایسے موسم میں کیا گیا جب مون سون کے باعث سمندر میں طوفانی لہریں اور خراب موسمی حالات معمول سے کہیں زیادہ شدید تھے۔ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے بھی سمندری سفر کو مزید خطرناک بنا دیا، جس کے باعث ایسے سانحات کے امکانات میں اضافہ ہوا۔اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے روہنگیا مہاجرین کی حفاظت، انسانی امداد میں اضافے اور ان کے دیرینہ بحران کے پائیدار حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں