اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)منتظمین نے جمعہ کی شب اعلان کیا کہ متوقع بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر اب یہ پریڈ ہفتہ کے بجائے اتوار، 19 جولائی کو منعقد ہوگی۔
موسمی ماہرین کے مطابق گریٹر ٹورنٹو ایریا میں ہفتہ کی دوپہر اور شام کے دوران شدید طوفانی بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں 90 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ شمالی اونٹاریو میں جنگلاتی آگ سے اٹھنے والا دھواں بھی ہفتے کے بیشتر حصے میں گریٹر ٹورنٹو ایریا میں موجود رہے گا، تاہم اتوار کی دوپہر سرد ہواؤں کے نئے سلسلے کے داخل ہونے کے بعد اس میں کمی آنے کی توقع ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پریڈ کو مؤخر کرنے کا فیصلہ ہزاروں بچوں، ان کے اہل خانہ، رضاکاروں، شائقین اور تقریب کے عملے کی حفاظت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اتوار کو تقریب کے تمام پروگرام شیڈول کے مطابق ہوں گے، جبکہ پریڈ کے راستے یا اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ صرف تاریخ کی تبدیلی کے باعث چند سرگرمیوں میں معمولی ردوبدل کیا جائے گا۔
جونیئر کیریبین کارنیوال پریڈ میں بچے اور نوجوان رنگا رنگ روایتی ملبوسات پہن کر کیریبین ثقافت کا مظاہرہ کرتے ہیں، جبکہ سوکا، کیلیپسو اور اسٹیل پین موسیقی کی دھنوں پر اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔