اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ، ایشیائی ترقیاتی بینک نے آٹ لک جاری کر دیا جس کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 6 ماہ میں مہنگائی 12 سے 21 فیصد تک بڑھ گئی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے جنوری تا جون کے معاشی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افراط زر اور عالمی اقتصادی حالات ایشیا کو متاثر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران پاکستان میں مہنگائی 12 سے بڑھ کر 21 فیصد ہوگئی، سری لنکا میں مہنگائی 14 سے بڑھ کر 45 فیصد اور بھارت میں 5.7 سے بڑھ کر 7 فیصد ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش میں افراط زر کی شرح 6.1 سے بڑھ کر 7.4 فیصد، چین میں 1.5 سے 2.5 فیصد اور تھائی لینڈ میں 2.2 سے 7.7 فیصد تک بڑھ گئی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں پاکستان میں شرح منافع میں 5.25 فیصد اضافہ ہوا جب کہ سری لنکا میں 9.5 فیصد، بھارت میں 0.9 فیصد اور بنگلہ دیش میں 0.7 فیصد اضافہ ہوا۔