اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز)وزیراعلی پنجاب الیکشن کیس، حکمران اتحاد نے مشترکہ اور متفقہ بیان جاری کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان سے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کی فل کورٹ سماعت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکمران اتحاد میں شامل تمام جماعتیں چیف جسٹس آف پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق کیس کی فل کورٹ سماعت کریں۔
اعلامیہ کے مطابق یہ سپریم کورٹ کا انصاف ہو گا کہ سپریم کورٹ کے تمام معزز ججز پر مشتمل فل کورٹ، سپریم کورٹ بار نظر ثانی پٹیشن اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے اور ان پر فیصلہ جاری کیا جائے۔ کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی مسائل ہیں،
حکمران اتحاد نے کہا کہ عمران خان احتساب سے بچنے، اپنی کرپشن چھپانے اور پچھلے دروازوں سے اقتدار حاصل کرنے کے مقصد سے سیاست میں بار بار افراتفری پھیلا رہے ہیں۔ آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہے۔ جسے غیر آئینی فاشزم کی ایک متکبر شخصیت مٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔