اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیر کی شب سیلاب زدگان کے لیے ملک کے اندر اور سمندر پار پاکستانیوں سے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ایک بین الاقوامی ٹیلی تھون کا انعقاد کیا۔
ٹیلی تھون کا انعقاد پی ٹی آئی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے 3 گھنٹے طویل فلڈ ٹیلی تھون میں 5 ارب روپے سے زائد کے عطیات جمع کر لیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے عطیات دینے کے لیے ٹیلی تھون میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ عمران خان کی اپیل پر اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے کروڑوں روپے کے عطیات دیئے۔
گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ کنٹرول روم بنا رہے ہیں تاکہ جہاں بھی مدد کی ضرورت ہو وہاں پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کو بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا اور ہم زیادہ سے زیادہ متاثرین کی مدد کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید اور آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر نے بھی ٹیلی تھون میں شرکت کی۔