اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں سے آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 36 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1162 ہو گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں 249، سندھ میں 405، پنجاب میں 187، خیبرپختونخوا میں 257، آزاد کشمیر میں 41 اور گلگت بلتستان میں 22 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے 7 لاکھ 30 ہزار 483 مویشی ہلاک ہوئے۔
سیلاب نے انفراسٹرکچر اور سڑکوں کو بھی بہت نقصان پہنچایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سندھ میں 2 ہزار 328 کلومیٹر طویل شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 60 پلوں کو نقصان پہنچا۔ کے پی میں 1 ہزار 589 کلومیٹر سڑکیں متاثر اور 84 پلوں کو نقصان پہنچا۔ جبکہ گلگت بلتستان میں 16 کلومیٹر طویل شاہراہیں اور 65 پل سیلاب سے متاثر ہوئے۔