اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ الوداعی ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم نے جنرل باجوہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور آرمی چیف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز نے سبکدوش ہونے والے اعلی جنرل کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
جنرل باجوہ 29 نومبر کو پاکستان کے آرمی چیف کے طور پر اپنا چھ سالہ دور مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہونے والے ہیں۔
جنرل باجوہ کو 29 نومبر 2016 کو اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے عہدے پر تعینات کیا تھا۔
آرمی چیف کے طور پر تین سال کی اپنی پہلی مدت پوری ہونے کے بعد پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے جنرل باجوہ کی بطور آرمی چیف مدت ملازمت میں نومبر 2019 سے نومبر 2022 تک مزید تین سال کی توسیع کر دی گئی تھی ۔
قبل ازیں یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں اپنے آخری عوامی خطاب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف نے کہا کہ فوج سیاست سے دور رہے گی اور صرف آئینی کردار ادا کرے گی۔
ملکی سیاست میں فوج کی مداخلت کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی اور جھوٹا بیانیہ بنا کر انتشار کی کیفیت پیدا کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فوج نے سیاسی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فوج کی سیاست میں مداخلت غیر آئینی ہے۔