اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ جیتے گا کیونکہ قوم پی ٹی آئی کو پہچانتی ہے امیدواروں کو نہیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ عمران خان نے کہا کہ کسی ادارے کا سربراہ بند کمرے میں بعض چیزوں پر فیصلے کرتا ہے اور وہاں ان چیزوں کا تجزیہ ان (اسٹیبلشمنٹ) کرتی ہے لیکن ان کا تجزیہ اکثر درست نہیں ہوتا۔
ان باتوں کا خمیازہ پورے ملک کو بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے تجزیے کا نتیجہ 10 اپریل کو نظر آیا جب میری حکومت کے خاتمے کے بعد ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ایک مافیا ہے، جو نظام میں موجود ہے اور ملک میں تبدیلی نہیں آنے دیتا۔ سہولت کار بھی ہر معاملے پر سمجھوتہ کرتے ہیں۔ یہ ادارے کام نہیں کرتے کیونکہ وہ مافیا کے بہت دباؤ میں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جب میں حکومت میں تھا تو بہت سے بحران آئے کیونکہ ریلوے، پی آئی اے سمیت ہر ادارہ کرپٹ تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی حکومت کے دوران بہت مشکل وقت کا سامنا کیا اور اس مشکل دور نے مجھے بہت مضبوط بنایا۔
انہوں نے کہا کہ میری حکومت کے تین سال مشکل تھے لیکن چوتھے سال میں ملک بہت تیزی سے ترقی کر رہا تھا، برآمدات، صنعت سمیت ہر چیز ترقی کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت میں معیشت نے بہت اچھا کام کیا لیکن اب ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔