اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹر ویز اور دیگر اہم شاہراہوں کو بند کر دیا گیا ہے جب کہ ملتان ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن جبکہ لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے درخانہ تک بند کردی گئی ہے۔
ترجمان موٹرویز کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 5 کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ تک بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ موٹرویز عوام کے تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاںہیں، سڑک استعمال کرنے والے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ شہری غیر ضروری سفر اور تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب دھند کے باعث ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے جس کے باعث کراچی آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی اور شارجہ جانے والی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔