اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)وفاقی حکومت نے عدالتی حکم پر بلدیاتی انتخابات کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی اور ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات نہ ہونے کے باعث بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عدالتی فیصلے پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، انتخابات کے لیے پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کا انتظام نہیں ہوسکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت بھی کرلی ہے، اتنے کم وقت میں ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات ممکن نہیں ہوسکے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اتنے کم وقت میں پولنگ میٹریل کی ترسیل ممکن نہیں، جلد بازی میں الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔