اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سندھ کے ضلع میرپورخاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سستا آٹا خریدنے کا خواہشمند مزدور بھگدڑ کے باعث ہجوم کے نیچے کچلا گیا جب کہ نواب شاہ میں لڑکی سمیت 3 خواتین کچلی گئیں
محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے میرپور خاص کی بلدیہ گلستان میں ٹرکوں پر سستا آٹا سرکاری نرخ پر فروخت کیا جارہا تھا جس کے لیے شہری بڑی تعداد میں باہر نکل آئے۔
خواتین اور نوجوانوں نے ٹرک پر چڑھنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے ٹرک کو بھگا دیا جس سے متعدد افراد زمین پر گر گئے اور پھر افراتفری مچ گئی متعدد افراد نیچے گر گئے جس کے نتیجے میں 8 بچوں کا باپ جاں بحق ہو گیا
مقتول کے اہل خانہ نے لاش کے ہمراہ میرپور پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور سندھ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق محکمہ خوراک نے ٹرک بھجوانے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا جب کہ اس سے قبل ہم نے پولیس اور محکمہ کو اطلاع دینے کا کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج ہمیں اطلاع دی جاتی تو ہم پولیس اہلکاروں کو کارروائی کے لیے تعینات کرتے تو کوئی بدنظمی نہ ہوتی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیکریٹری خوراک کو خط لکھا جائے گا، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب نواب شاہ کے علاقے سکرنڈ میں فلور مل کے باہر سرکاری نرخ پر سستا آٹا خریدنے کے دوران بھگدڑ مچنے سے بچی سمیت 3 خواتین ہجوم کے پاؤں تلے دب کر زخمی ہوگئیں
اس کے علاوہ سستے آٹے کے حصول کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں لمبی قطاریں لگ گئیں، انتظامات نہ ہونے کے باعث لوگ بھوکے رہ گئے۔
پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں سستے آٹے کے پوائنٹ پر مخصوص افراد کو آٹے کی فراہمی کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا اور مرکزی شاہراہ بلاک کر کے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور ہر شہر میں آٹا من مانی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ جبکہ پنجاب میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2155 روپے تک پہنچ گئی۔
20 روپے اضافے کے بعد کراچی میں آٹا 140 روپے فی کلو سے 160 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، اسلام آباد اور پشاور میں آٹے کا 10 کلو تھیلا 1500 روپے اور کوئٹہ میں 20 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ آٹے کا کلو تھیلا 2800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔