اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی بہتری کے لیے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی خدمات پر غور شروع کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کے بعد پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اب راولپنڈی ا یکسپریس شعیب اختر کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر غور کر رہی ہے، انہیں آنے والے دنوں میں اہم ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام کی جانب سے شعیب اختر سے باضابطہ رابطہ بھی کیا گیا ہے تاکہ ان کی رضامندی معلوم کی جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق سابق فاسٹ بولر نے ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے بورڈ حکام کے ساتھ مل کر کام کرنے کا گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ شعیب اختر کی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے جلد لاہور میں ملاقات بھی متوقع ہے جس میں نئی ذمہ دار یوں کی پیشکش کی جاسکتی ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر پی سی بی کی پالیسی سازی میں معاونت کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔
کرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد راولپنڈی ایکسپریس ہمیشہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی میں بہتر ی لانے کے لیے تجاویز دے کر ملکی کرکٹ کو درست سمت میں لے جانے کی آواز اٹھا تے رہے ہیں۔