اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری کے لیے تجویز کیے گئے چار ناموں کا بغور جائزہ لیں گے اور میرٹ پر نامزدگیوں کی منظوری دیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملاقات کی، ملاقات میں نگرا ن وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے تقرری کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران لاء ونگ کی جانب سے نگرا نوزیراعلیٰ کی تقرری سے متعلق آئینی امور پر بریفنگ بھی دی گئی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے کہا کہ نام آج شام اجلاس میں فائنل کیا جائے گا، تمام ممبران اور عہدیدار شام 6 بجے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ چاروں ناموں کا بغور جائزہ لینے کے بعد میرٹ پر کاغذات نامزدگی کی منظوری دیں گے۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسمبلی سے 2 بار رابطہ کیا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک سے رابطہ کیا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھجوا دی۔
الیکشن کمیشن نے اسمبلی سیکرٹری سے دوبارہ رابطہ کیا، پیغام میں کہا گیا کہ وہ خط بھیجیں جو وزیراعلیٰ نے سپیکر کو بھجوایا تھا۔