اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈا ئون، مکمل بحالی کے لیے وزیر توانائی کی رات 10 بجے کی ڈیڈ لائن، تحقیقات کے لیے ایک اعلی سطحی کمیٹی بھی تشکیل دی۔شہباز شریف نے بریک ڈا ئون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ملک میں بجلی کا اتنا بڑا بحران کس وجہ سے ہوا اس سے آگاہ کیا جائے اور ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے۔
انہوں نے ملک میں بجلی کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات برداشت نہیں کی جا سکتیں۔
ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈا ئون کے باعث 9 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہ ہو سکی۔
بجلی کے بڑے بریک ڈا ئون نے این ٹی ڈی سی کی کارکردگی کی قلعی کھول دی، ادارہ بجلی کی بحالی کا وقت دینے سے قاصر ہے، بحالی میں مزید 7 سے 8 گھنٹے لگنے کا امکان ہے، بریک ڈا ئون کے وقت پروٹیکشن سسٹم نے کام نہیں کیا۔ حفاظتی نظام کے عدم جواب کی وجہ سے ایک بڑا وا قعہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق این ٹی ڈی سی نے بریک ڈا ئون کی وجہ تاحال نہیں بتائی، لیسکو ریجن 9 گھنٹے سے زائد بند رہا، تربیلا اور منگلا پاور پلانٹس کو چلانے کی 2 کوششیں ناکام ہوگئیں
این ٹی ڈی سی اور پاور پلانٹ کے درمیان رابطہ منقطع ہونے سے بجلی کی فریکوئنسی کم ہوگئی، جھلسنے سے ایک کے بعد دوسرا پاور پلانٹ ٹرپ کرگیا، پاور پلانٹس بند ہونے سے سندھ، جنوبی پنجاب، وسطی پنجاب، لیسکو میں بجلی بند ہوگئی۔
بریک ڈا ئون کے باعث لیسکو کے 132 کے وی کے 153 گرڈ اسٹیشنز سے بجلی بند ہے جس کے باعث لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور بجلی سے محروم ہیں بجلی نہ ہونے کے باعث لاہور میں پانی کا بحران شروع ہو گیا۔ ٹیوب ویل بند ہونے سے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ ہسپتال اور دیگر ادارے بھی بجلی سے محروم ہیں۔