156
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)حکومت میں شامل جماعتوں کی اعلیٰ قیادت، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کا اجلاس ہوا ہے جس میں عام انتخابات سے متعلق نئی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت انتخابات کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادیوں سے ملاقات میں اس حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر بھی غور کیا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ نئی مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں میں 6 ماہ لگیں گے جبکہ پنجاب اسمبلی کے 90 دن 14 اپریل اور کے پی کے میں 18 اپریل کو مکمل ہوں گے۔