اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے علاقے دھنباد کے اسپتال میں آگ لگنے سے ڈاکٹر اور اس کی اہلیہ سمیت 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعے کی رات دھنباد کے علاقے اولڈ بازار میں واقع ہزارہ اسپتال کی دوسری منزل پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے ڈاکٹر وکاس ہزارہ اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر پرما ہزارہ سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 9 افراد کو بچا لیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دوسری منزل پر لگی آگ نے پہلی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا اور پہلی منزل پر سوئے ہوئے افراد خود کو نہ بچا سکے۔
فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے اسپتال میں آگ پر قابو پالیا اور ریسکیو افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں فائر سیفٹی کے کوئی انتظامات نہیں تھے۔