اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ’جے‘ کے نجی اسکول میں مبینہ طور پر اردو بولنے والے طالب علم موسیٰ عاطف کے منہ پر کالک لگا دی گئی
اسکول انتظامیہ کے رویے کی شکایت کرنے والے بچے کے والد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کہ بچے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ اسکول میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتارہا ہے کہ اس کے گال پر کالک لگی ہوئی ہے
بچے کے والد نے الزام لگایا کہ اردو میں بات کرنے پر میرے بیٹے کا اسکول میں مذاق اڑایا گیا اور وہاں موجود بچوں نے موسیٰ کے چہرے پر کالک لگائی
لڑکے کے والد نے بتایا کہ جب انہوں نے اسکول انتظامیہ سے بات کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا۔
والد کا مزید کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی خود اعتمادی کم ہو گئی ہے اس لیے وہ اب اس سکول میں نہیں پڑ ھے گا
دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے نجی اسکول سے جواب طلب کرلیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ اسکولز کا کہنا ہے کہ واقعے کی تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تاہم تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو مزید تحقیقات کے لیے پیر کو اسکول کا دورہ کرے گی۔
.