اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی رہنماؤں کو ایک میز پر لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو ‘آل پارٹی کانفرنس (اے پی سی) طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق اے پی سی اسلام آباد میں ہوگی اور اس سلسلے میں تمام قومی سیاسی رہنماؤں کو اے پی سی میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا سابق سپیکر قومی اسمبلی، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ ہوا اور ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو عمران خان کو وزیراعظم کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے گزشتہ روز پشاور میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو شرکت کی دعوت بھی دی۔ گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔ اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، تاہم ایاز صادق نے بطور دوست دعوت دی ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا جائے، ہم پارٹی چیئرمین کی اجازت کے بعد اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگا ۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خصوصی طور پر شرکت کریں گے، اجلاس میں کور کمانڈر، آئی جی خیبرپختونخوا اور دیگر اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے