اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اس ملک کو کوئی بیرونی خطرہ نہیں ہے۔
مریم نواز نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں شہباز شریف کی حکومت ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا کی حکومت چند روز قبل تک عمران خان کے پاس تھی، سمجھ نہیں آتی کہ مہنگائی کے ذمہ دار صرف شہباز شریف کیوں ہیں۔ عمران خان کو ترقی پذیر پاکستان ملا، جو تباہ ہو گیا، شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں، یہ پچھلی حکومت کی نااہلی ہے لیکن وہ حالات بہتر کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط بہت سخت ہیں، عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف کا یرغمال بنایا اور جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدہ پھاڑ دیا، نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو بلایا تھا
انہوں گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈ کا صاف اور شفاف کیس ہے، لیکن ابھی تک احتساب نہیں ہوا، یہ نہیں ہو سکتا کہ عمران خان جرم کریں اور رہا ہو جائیں۔
مریم نواز نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں، کیا آپ کو بھی معلوم ہے کہ جیل کیا ہوتی ہے؟ زمان پارک سے جیل بھرو تحریک شروع کریں، خواتین کو فرنٹ لائن پر کھڑا کیا ہے، آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم انصاف کا معیار دیکھیں گے، ابھی تک انہیں ہاتھ نہیں لگایا گیا، کسی نے انگلی تک نہیں اٹھائی، رانا ثنا اللہ جعلی کیس میں 6 ماہ قید کاٹ چکے ہیں، یہ 2 دن میں قید رہ کر پولیس والوں کو گلے لگا کر رونے لگے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو 2017 میں ایک اقامہ پر نکالا گیا، پاناما کیس میں وہ ہفتے میں پانچ دن عدالت میں ہوتے تھے، دن میں دو بار عدالت جاتے تھے، یہ آج بدنام زمانہ کیس میں بھی عدالت نہیں آتے، کیا نواز شریف کے پاس ایسی سہولت تھی، کیا مریم کو یہ سہولت تھی، سب جانتے ہیں کہ مقدمات جھوٹے تھے، ہم سے انتقام لیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام منصوبے نواز اور شہباز شریف کے دور حکومت کے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے میں الیکشن کے دن تک ڈرامہ ہوا، وعدے کبھی پورے نہیں ہوئے، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے اور جھوٹی تسلیاں نہیں دیں گے، جو وعدے کریں گے وہ پورے کریں گے۔