اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز )ترکی اور شام میں آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان سمیت جنوبی وسطی ایشیائی ممالک میں زلزلے کی پیشگوئیاں گردش کرنے لگیں۔
تفصیل کے مطابق محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے پاکستان میں زلزلے کی پیشگوئیوں کو مسترد کردیا ان کا کہنا ہے کہ ترکی اور پاکستان کی فالٹ لائنز میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر زلزلے کی پیش گوئی کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں، پاکستان کا اپنا جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم ہے جو ترکی، شام اور آفٹر شاکس کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی فالٹ لائن پر ہے، اسی فالٹ لائن پر 2005 اور 2013 میں زلزلے آئے، جس کی وجہ سے انہیں جان و مال کا شدید نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان، کشمیر، شمالی علاقہ جات، بلوچستان، سبی سمت نارتھ، ایسٹ زون فالٹ لائنز پر ہیں۔
دوسری جانب شام اور ترکی میں 7.9 شدت کے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں جب کہ ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا عمل دوسرے روز بھی جاری ہے جس کی وجہ سے وہاں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس جاری ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق شام میں 1444 اور ترکی میں 2921 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں اور ملبے سے باہر آنے والے مزید افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی جارہی ہے۔