اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں تاخیر کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مخلوط حکومت انتخابات میں تاخیر کے لیے عدالتوں میں درخواستیں دائر کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سب سے پہلے سندھ حکومت عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کرے گی اور دوسرے مرحلے میں بلوچستان حکومت بھی رٹ پٹیشن دائر کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں درخواستوں میں موقف اپنایا جائے گا کہ نئی مردم شماری کے بعد انتخابات کرائے جائیں اور مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں لازمی ہیں۔
آئینی طور پر نئی حلقہ بندیوں کے عمل کے لیے کم از کم 90 دن درکار ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں اور نگراں حکومتیں کام کر رہی ہیں۔