اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ کو ووٹ دیں، ملک کو مسائل سے نواز شریف ہی نکال سکتے ہیں۔ایبٹ آباد میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں، خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ شاندار استقبال کیا ہے۔ نواز شریف سے پہلے بھی ملاقات کی تھی، نواز شریف کا حکم تھا کہ پہلے کارکنوں سے ملاقات کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ہر محلے، گلی گلی جانا چا ہتی ہوں، خیبرپختونخوا کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف نے مجھے چیف آرگنائزر کی ذمہ داری دی ہے، تمام اضلاع میں جاؤں گی
مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا دامن صاف نہیں، کوئی سہولت کار نہیں جو آپ کو بچائے، آپ نے اپنی جیبیں بھری ہیں،
انہوں نے کہا کہ عمران خان آج ماضی کا حصہ بن چکے ہیں اور ملک بحرانوں میں پھنسا ہوا ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ پھاڑ کر خود بنکر میں بیٹھ گیا، کہتے ہیں ایجنسیاں مجھے مارنا چاہتی ہیں، پہلے امریکا پر الزام لگایا اور آج محسن نقوی پر الزام لگا رہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان امریکا سے معافی مانگتے رہے، کبھی زرداری پر الزام لگاتے رہے، کبھی ایجنسیوں پر الزام لگاتے رہے، آپ خود کو اتنا اہم کیوں سمجھتے ہیں کہ سب آپ کو مارنے کی سازش کررہے ہیں،
نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ قوم آج بھی عمران خان کی زیادتیوں کا خمیازہ بھگت رہی ہے، اس قوم کا کیا قصور ہے جس پر ایک ذہنی مریض کو مسلط کیا گیا، آج اسے مہنگائی یاد آئی، تمہیں کیا ہوگیا، مہنگائی تمہارا مذہب ہے، تم کون ہو؟ مثال یہ ہے کہ بندر نے پورے جنگل کو آگ لگا دی اب شیر سے پوچھا جا رہا ہے کہ آگ کیوں نہیں بجھتی، تو آگ لگانے والے سے بھی پوچھا جائے۔