اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سپیکر کی جانب سے تحریک انصاف کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر کے دفتر نے لاہور ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی نشستوں کی بحالی سے متعلق پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا جھوٹا ثابت ہوا ہے۔
سپیکر آفس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے 35 استعفوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن محض معطل کیا اور سماعت مکمل ہونے تک الیکشن کمیشن کو ان حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرانے سے منع کر دیا ہے۔ فیصلے میں سپیکر کا استعفیٰ منظور کرنے کا فیصلہ نہیں چھیڑا گیا
اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے سپیکر آفس نے مزید کہا ہے کہ فیصلے کے آخری پیراگراف میں مبہم الفاظ میں لکھا گیا ہے کہ چونکہ (درخواست گزاروں) نے درخواست کے ساتھ سپیکر کے 22-1-2023 کے نوٹیفکیشن کی کاپی منسلک نہیں کی۔ لہذا سپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔
سپیکر آفس کے مطابق تمام معاملات کا فیصلہ آئینی اور قانونی پہلوؤں کو دیکھ کر کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا موقف درست ثابت ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کے معاملے پر نہ صرف بڑے تحمل سے غور کیا بلکہ پی ٹی آئی ارکان کو بار بار طلب کیا گیا اور بار بار طلب کرنے کے باوجود پی ٹی آئی ارکان نہ آئے اور استعفے منظور کر لئے گئے۔