اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پیراسیٹامول سمیت مزید 20 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے جب کہ 18 نئی ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمتیں مقرر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں پیراسیٹامول سادہ گولی 500 ملی گرام کی قیمت 2 روپے 67 پیسے اور پیراسیٹامول اضافی گولی 500 ملی گرام کی قیمت 3 روپے 32 پیسے مقرر کی گئی۔
ای سی سی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کمرشل صارفین کے لیے ستمبر 2022 کے مہینے کے بجلی کے بلوں کو اگلے بلنگ سائیکل تک موخر کر دیا ہے اور ای سی سی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے دو ماہ کے بل معاف کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے اور 10.34 بلین روپے کی اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں بجلی کے بڑے صارفین سے 76 ارب روپے وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے بجلی کے بڑے صارفین پر ایک روپے فی یونٹ سرچارج عائد کیا جائے گا۔