ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت دے دی ہے
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں اور کچھ سیاستدان اپنے گھناؤنے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں، عمران خان ساڑھے تین سال سے اپنا گندا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا، جس پر عمل کرتے ہوئے ہم یہاں پہنچے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شوکت ترین کے خلاف انکوائری مکمل ہو چکی ہے اور حکومت نے انہیں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ایف آئی اے نے شوکت ترین کی گرفتاری کی اجازت مانگی تھی۔
ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ایک دوسرے کو چور کہنے اور اب عمران خان کو چور کہنے کے سوال پر رانا ثنا نے کہا کہ پہلے ہم دونوں غلط تھے، ایک دوسرے کے خلاف باتیں کرتے تھے، اب ہمیں صحیح بات سمجھ آگئی ہے اصل چور عمران خان نیازی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) ڈیل سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے بعد سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور وزارت داخلہ سے گرفتاری کی اجازت طلب کی تھی۔