اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں امریکا سے واپس آیا تو سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ روس کی مذمت کریں، ماسکو یوکرین پر حملہ کر رہا ہے، میں نے کہا کہ بھارت نے مذمت نہیں کی ہم ایسا کیوں کریں
عمران خان نے کہا کہ روس سے سستے تیل کا معاملہ طے کر لیا تھا باجوہ نے دبائو ڈالا کے یوکرین پرحملے پر رو س کی مذمت کرو ،عمران خان نے کہا کہ میں نے کہا سب سے بنا کر رکھیں دنیا بھر کی خارجہ پالیسی ملکی مفاد کے لیے بنائی جاتی ہے ۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں سکالرنہیں بلکہ تاریخ کا طالب علم ہوں، دنیا میں ممالک قومیت کی بنیاد پر وجود میں آئے، پاکستان کلمہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، دانشوروں کو عوام میں شعور اجاگر کرنا چاہیے کہ ہمارا بنیادی مقصد کیا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ لوگ یورپ جانے کے لیے اپنی جان کی پرواہ نہیں کرتے، لوگ کشتیوں میں یورپ جاتے ہیں اور راستے میں ہی مر جاتے ہیں، دنیا کی پہلی ریاست مدینہ تھی جس کی بنیاد اصولوں، عدل اور انصاف پر عمل کرتی تھی ،
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ صرف کسی انسان کی خدمت کرنے سے بندہ غلام نہیں بنتا، غلام نے کبھی بڑے کام نہیں کیے، ذہنی اور ثقافتی اثر قبول کرنا بھی غلامی ہے، اچھی انگریزی بولنے والوں کی معاشرے میں عزت ہوتی ہے۔