اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، جس میں انہیں انتخابات سے متعلق مشاورت کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے کہا ہے
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو سیکشن 57 ون کے تحت انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے لیے 20 فروری کو ایوان صدر میں مدعو کیا ہے۔
خط کے مطابق ایکٹ کے تحت صدر عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور اس معاملے پر سپریم کورٹ کی حالیہ آبزرویشن جیسی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی بے حسی پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا۔ میں بے چینی سے اس بات کا انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے اور اس کے مطابق کام کرے۔ اہم ایشو پر الیکشن کمیشن کے رویہ پر بہت مایوسی ہوئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے وہ چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں ہنگامی اجلاس کے لیے مدعو کرتے ہیں تاکہ انتخابات پر مشاورت کی جا سکے۔