اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آڈیو لیک سنگین معاملہ ہے جسے سپریم جوڈیشل کونسل میں اٹھایا جانا چاہیے۔
لندن میں اپنے دفتر سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جسٹس مظاہر نقوی سے متعلق چوہدری پرویز الٰہی کی آڈیو لیک ہونا انتہائی سنگین معاملہ ہے اسی وجہ سے آج پاکستان منہ کے بل گر رہا ہے۔
نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ آڈیو لیک کا مکمل نوٹس لیا جائے اور کیس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوایا جائے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ان کا نام سپریم جوڈیشل کورٹ کو نہیں بھیجا گیا تو میرا نام بھیج دیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھ پر اتنے الزامات لگائے گئے، ایک اور الزام لگا تو کیا ہوگا، گینگ آف فائیو کو بھی معاف نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے چار سالوں کا عمران خان کے چار سالوں سے موازنہ کیا جائے۔