اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)حکومت نے کفالت حج سکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بقیہ 50 فیصد کوٹہ سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم کے لیے مختص کیا جائے گا جبکہ سرکاری حج سکیم کے لیے درخواستوں کی وصولی 13 مارچ سے شروع ہو گی۔
وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں حج پالیسی، اسپانسر شپ اسکیم، سعودی عرب میں رقوم کی ادائیگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود زائرین کے لیے زرمبادلہ کے انتظامات کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اللہ کے مہمانوں کی آسانی اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق موجودہ ڈالر کے حساب سے حج اخراجات کا تخمینہ 11 سے 12 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔ آئندہ ہفتے کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد وزیر مذہبی امور حج درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپانسر شپ حج سکیم کا کوٹہ 50 فیصد مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور باقی 50 فیصد حج کوٹہ سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیموں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
حج اسپانسر شپ سکیم صرف سمندر پار پاکستانیوں یا ان کے رشتہ داروں کے لیے ہے۔
بیرون ملک سے غیر ملکی زرمبادلہ ایک مخصوص اکاؤنٹ میں بھیجنے والے پاکستانی اس سکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔
اسپانسر شپ اسکیم میں شامل ہونے کے لیے پاکستانی پاسپورٹ کی ضرورت ہوگی جب کہ باقاعدہ حج اسکیم کے تحت پاکستان کے نامزد بینکوں میں معمول کے مطابق حج درخواستیں جمع کی جائیں گی۔